ادیبوں اور شعرا کی سائے تلے ‘ عالمی اردو کانفرنس ‘ کا آغاز

شہر قائد میں حسب روایت عالمی اردو کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کانفرنس کا افتتاح کیا۔

تفصیلات کے مطابق 15ویں عالمی اردو کانفرنس کراچی آرٹس کونسل میں شروع ہوگئی ہے جو چار روز جاری رہے گی کانفرنسں میں صبح سے شام تک مختلف سیشن رکھے گئے ہیں۔

اردو کانفرنس کے پہلے روز مختلف ادبی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے آخری سیشنز میں حسب روایت محفل کی جان ضیاء محی الدین نے مختلف کتابوں سے اپنے مخصوص انداز میں پڑھت کی، جس پر حاضرین نے انہیں دل کھول کر داد دی۔

مہمان خصوصی وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل آف کراچی اس وقت پاکستان میں کلچر کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے۔

کلچرل کے جتنے پروگرام اور کام سندھ میں ہوتے ہیں کسی اور صوبے میں نہیں ہوتے، عالمی اردو کانفرنس میں دنیا بھر سے اردو زبان کے عالم آتے ہیں اس سے بھی ثقافتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت اور تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا کہ احمد شاہ نے آرٹس کونسل کو حقیقی معنوں میں پاکستان کا کلچر سینٹر بنا دیا ہے جہاں پاکستان کے فن و ثقافت کو زندہ کر دیا گیا ہے۔ سندھ نے جہاں شاہ لطیف اور سچل سرمست کی انگلی نہیں چھوڑی وہاں انور مقصود اور انور شعور کا دامن بھی پکڑا ہوا ہے۔