وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی کوشاں ہے، وزیراعظم سکیم کے تحت اس سال ایک لاکھ بچوں کو لیپ ٹاپ دیں گے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مجھے معاون خصوصی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلی ہدایت لیپ ٹاپ پروگرام کو دوبارہ سے بحال کرنے کی ہی کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ میں پرائم منسٹریوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ میں خواتین والی بال ٹرائلز کے موقع پر مرتب کردہ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق لیپ ٹاپ سکیم کا سلسلہ جہاں سے ٹوٹا تھا دوبارہ وہیں سے شروع کر رہے ہیں تاکہ اپنے نوجوانوں کو ان کی قابلیت کے مطابق آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے 2013 ء میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام شروع کیا ، اس سے قبل شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سمیت ای لیبز اور سپورٹس فیسٹیولز شروع کیے جن کا مقصد طالب علموں کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جس سے وہ آگے بڑ ھ سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اس سال کو نوجوانوں کا سال قرار دیا ہے جس میں ہم پورے پاکستان کے اندر نوجوانوں کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے بھی اہم مواقع فراہم کرنے جا رہے ہیں ۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو ہمارا مستقبل بھی ہیں، ہم اپنی نوجوان نسل کو ایسے پرواگراموں کے ذریعے وہ پلیٹ فارم مہیا کرنے جا رہے ہیں جس سے وہ مستقبل میں مزید نکھر کر سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی نوجوان نسل کے ساتھ کھڑی ہے، تعلیم کا میدان ہو یا کھیل کا یا پھر ملازمت کے موقع ہوں ہماری حکومت ہر صورت میں نوجوان نسل کے ساتھ ہے اور ان کے مستقبل کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کواپنے چھوٹے چھوٹے کاروبار کے فروغ کے لیے سود کے بغیر قرضےفراہم کر رہے ہیں تاکہ ہمارے نوجوان اس کاروباری قرضے کی مدد سے اپنے کاروبار شروع کر کے اپنے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے بھی اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔شزہ فاطمہ نے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے لیہ اور گھوٹکی کے دو نوجوان طالب علموں کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ آج وہ خود بھی ایک کامیاب زندگی بسر کر رہے ہیں اور ہزاروں لوگوں کو بھی کامیاب زندگی گزارنے کے ہنر سکھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن)اقتدار میں آئی تو اس وقت ملک میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی ہم نے 2013ء سے 2017ء کے اپنے چار سالہ دور حکومت میں 50 فیصد بجلی بنائی اور عوام کو لوڈ شیڈنگ سے چھٹکارا دلایا، ہم نے افواج پاکستان سے ملکر ملک سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کیا ، ملک بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا اور موٹرویز بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ہی بنیں جس سے آج لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارا مستقبل بھی ہیں جنہوں نے مستقبل میں ملک و قوم کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے لہٰذا آپ اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں اور اپنے پڑھے لکھے ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے سوشل میڈیا سمیت دیگر معمولات زندگی میں بھی بدزبانی و بد تہذیبی سے بچیں کیونکہ اس کی وجہ سے بندہ ایسی دلدل میں دھنستا جاتا ہے جہاں سے نکلنے میں دہائیاں لگ جاتی ہیں۔
تقریب کے آخر میں انہوں نے وائس چانسلر گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سابق رکن صوبائی اسمبلی گلناز شجاع پاشا ، پرسنل اسسٹنٹ ٹو وائس چانسلررانا عدنان اور طالبات کی کثیر تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کی۔