سندھ ایچ ای سی کے تحت کوالٹی انہانسمنٹ پر تربیتی پروگرام

سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت سرکاری و نجی جامعات کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کیلئے تین روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یکم فروری سے شروع ہونے والے اس پروگرام میں 100؍ سے زائد پروفیشنلز نے شرکت کی اور ماہرین کی فراہم کردہ معلومات اور تجربات سے استفادہ کیا۔ مقامی ہوٹل میں ہونے والے اس پروگرام کے انعقاد کیلئے شعبے کے ماہرین کو لیکچر کیلئے مدعو کیا گیا تھا جن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ناصر شاہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر آغا محمد رضا، خیبر پختونخوا میں ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ (کیو اے) کے ڈائریکٹر عمران اللہ خان مروت، ڈائریکٹر کیو ای سی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد عبدالواحد عثمانی اور ٹی اے ایف فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر حنا کاظمی شامل تھیں۔ اس موقع پر چیئرپرسن سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر محمد طارق رفیع اور ڈائریکٹر جنرل نعمان احسن بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر پرسن ڈاکٹر محمد طارق رفیع کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ معیار کی بہتری کے ساتھ اسے برقرار رکھتے ہوئے علمی و تحقیقی معیار کی بہتری کا سلسلہ جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات میں تعلیم کے ساتھ انتظامی معیار کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے کہ بین الاقوامی ضابطوں اور اصولوں پر عمل کیا جائے اور اس مقصد کیلئے شفافیت کا نظام بیحد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات میں معیار کو بہتر بنانے کیلئے اس طرح کے تربیتی پروگرامز کی مدد سے پروفیشنلز کو ماہرین کے تجربات سے روشناس کرایا جا سکتا ہے جس سے جامعات میں تعلیم و تحقیق کے ساتھ ہر شعبے میں بہتر آئے گی، اور یہی وجہ ہے کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیشنلز کی تربیت کیلئے کئی پروگرامز منعقد کر چکا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے یونیورسٹی فیکلٹی اور پروفیشنلز کیلئے تربیتی سیشنز کی ضرورت کے حوالے سے مثال دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل اسٹوڈنٹ بھلے ہی شاندار کارکردگی کا حامل کیوں نہ ہو اور چاہے وہ پاس ہونے کیلئے کتنے ہی نمبر کیوں نہ حاصل کر لے، لیکن بحیثیت فیکلٹی میمبر یہ ضروری نہیں کہ وہ پڑھانے کے معاملے میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔ یہی وجہ ہے کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نہ صرف فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام منعقد کرتا ہے تاکہ یونیورسٹی ٹیچرز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے بلکہ یونیورسٹی کے دیگر پروفیشنلز کیلئے بھی ایسے پروگرامز منعقد کرائے جاتے ہیں جن میں ڈائریکٹر فنانس کیلئے منعقد کرائی جانے والے ٹریننگ اور یونیورسٹیز کے وائس چانسلر صاحبان کیلئے بھی منعقد کرایا جانے والا پروگرام قابل ذکر ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *