یونیورسٹی آف انجینئرنگ نارووال کو جلد سب کیمپس سے ترقی دے کر خودمختار یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا،وفاقی وزیر احسن اقبال کا یونیورسٹی کی 10 سالہ تقریبات سے خطاب

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے یونیورسٹی آف انجینئرنگ نارووال کو جلد سب کیمپس سے ترقی دے کر باقاعدہ طور پر خودمختار یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے منگل کو یونیورسٹی آف انجینئرنگ، نارووال کی 10 سالہ تقریبات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ نارووال کا انعقاد 2012 میں ڈگری کالج نارووال کے پوسٹ گریجویٹ بلاک میں قائم کیا گیا تھا جو وفاقی وزیر کا وژن تھا تاکہ نارووال کے طالب علموں کو انجینئرنگ کے شعبہ میں اعلی تعلیم دی جا سکے۔ تقریب میں وائس چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر سید محمد منصور، ریکٹر، غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ، چیئرمین انجینئرنگ کونسل آف پاکستان، وائس چانسلرز جامع اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ، نارووال کو بنانا انکا خواب تھا جس کے لئے وہ وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بطور وزیر اعلیٰ یہ منصوبہ منظور کیا تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یو ای ٹی نارووال کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل افراد ایڈوانس ہنر سیکھ کر قوم کی بہتر خدمت کر سکیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں ٹیکنالوجی کے لحاظ سے دنیا سے ہم آہنگ ہونا ہو گا، جبکہ مصنوعی ذہانت نے ٹیکنالوجی کے میدان میں انقلاب برپا کر دیا ہے، سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں مطلوبہ پیشرفت کیے بغیر ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اگر بڑی تیزی سے ترقی کرنا ہے تو انجینئرنگ کے شعبہ کو آنے والے وقت سے ہمکنار کرنا ہوگا جبکہ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ، ٹیکنالوجی کی دسترس سے ہے پاکستان کی تعمیر نو میں انجینیرنگ یونیورسٹی کا کلیدی کردار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انجینئرز کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کے مسائل کو سمجھ کر اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ابتداء میں بہت سی مشکلات آہی لیکن تمام افراد بالخصوص طالب علموں نے بھرپور ساتھ دیا اور آج یونیورسٹی آف انجینئرنگ، نارووال دنیا کی ٹاپ کی یونیورسٹیوں میں شامل ہے۔وفاقی وزیر نے انجینئرنگ کے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جو کچھ بھی حاصل کیا وہ اپنی تعلیم کی بنیاد پر حاصل کیا اور اس نارووال کی عوام کا شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ایک انجینئر کو قومی اسمبلی تک پہنچایا، اور آج انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے طالب علموں کے لئے انجینئرنگ یونیورسٹی کی شکل میں ایک بہترین تحفہ دیا ہے

جس کو آج 10 سال مکمل ہو چکے ہیں جہاں آج پورے پنجاب سے طلبہ اس یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو مستقبل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کے وژن کے مطابق، یو ای ٹی نارووال کیمپس میں 200 ایکڑ اراضی پر محیط جدید ترین عمارت تعمیر کی گئی تھی اس کیمپس میں پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبرز تعلیم کے شعبے پر معمور ہیں۔ کیمپس میں طلبا کی بہتر فنی امور میں تربیت کے لئے صنعت اور اکیڈمیا کےدرمیان روابط قائم کئے کئے ہیں، انجینئرنگ کے مختلف پروگراموں میں تقریباً 700 طلباء داخلہ لے رہے ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *