پاکستان کے کسی بھی شعبے خصوصاً تعلیم کی ترقی میں خواتین کا کردار اہم ہے، رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی بھی شعبے خصوصاً تعلیم کی ترقی میں خواتین کا کردار اہم ہے،ہمیں بحیثیت قوم اپنے ملک کی خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ہمارے ملک کے کارآمد شہری بن سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت میں خواتین بیٹ رپورٹرز کی میزبانی کے دوران کیا۔ رانا تنویر حسین نے خواتین صحافیوں کے کام کو سراہتے ہوئے صحافت کے شعبے میں ان کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے ملک کی ترقی میں خواتین کے کردار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے خواتین رپورٹرز کو صحافت میں اپنا تعاون جاری رکھنے پر روشنی ڈالی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کسی بھی شعبے خصوصاً تعلیم کی ترقی میں خواتین کا کردار اہم ہے۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے تعلیم کے معیار کو بلند کرنے اور تعلیم تک رسائی کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لئے وزارت کی طرف سے کئے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے شعبے کو درپیش سب سے بڑے چیلنجوں میں سے ایک سکول سے باہر بچوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 22.8 ملین بچے سکول سے باہر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا بنیادی مقصد اس تعداد کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں 16 ہزار سے زائد سکول نہ جانے والے بچے ہیں۔ انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ اس تعداد کو کم کیا جائے گا اور وفاق کو باقی ملک کے لئے ماڈل بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی ہم اپنے ملک کو ترقی دے سکتے ہیں اور موجودہ مسائل سے نمٹ سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے سکول آن وہیلز کے اقدام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ان طلباء تک پہنچنا ہے جہاں انفراسٹرکچر کی کمی ہے یا ایسے طلباء جو سکول جانے کی مالی استطاعت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں یہ اقدام آفات سے متاثرہ آبادی تک بھی تعلیم مہیا کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مسائل کے منفرد حل کی ضرورت ہے اور موجودہ حکومت عوام کے مسائل کو موثر طریقے سے حل کرنے کے لئے اپنے وسائل کو پوری طرح بروئے کار لا رہی ہے۔آخر میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم اپنے ملک کی خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ہمارے ملک کے کارآمد شہری بن سکیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *