نیشنل سکلز یونیورسٹی (این ایس یو ) اور ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ای ٹی پی بی ) نے مریدکے، شیخوپورہ میں این ایس یو کے کیمپس کی تعمیر کے لئے زمین کی لیز کے ایم او یو پر دستخط کئے۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور کی موجودگی میں دستخط کئے گئے۔
وزارت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک فنی اور پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں اس نے عام آدمی کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سب سے زیادہ ترقی یافتہ دنیا کی مثالیں موجود ہیں جہاں تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت نے بے روزگار آبادی کو معاشرے میں سودمند اور کارآمد شہری کے طور پر ضم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ یہ نظام رسمی تعلیمی نظام کے مقابلے میں جلد اور موثر طریقے سے مثبت نتائج فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت تک وسیع رسائی ضروری ہے۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کا حصول ہر پاکستانی اور مسلمان کا اولین فرض ہے۔ انہوں نے رانا تنویر حسین کے اس پراجیکٹ کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے اور ایم او یو پر دستخط کرنے کے موثر انداز کا اعتراف کیا۔رانا تنویر حسین نے عبدالشکور کے پرزور جواب کی تعریف کی اور کہا کہ تعلیم تک رسائی قوم کی ترقی کے ستونوں میں سے ایک ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ مستقبل پاکستان کی آبادی کی ووکیشنل ٹریننگ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کو ملازمتیں تلاش کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔آخر میں رانا تنویر حسین نے عہدیداروں کو ایم او یو پر تیزی سے عملدرآمد اور عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ این ایس یو کیمپس کو جلد از جلد فعال کیا جانا چاہئے اور امید ظاہر کی کہ اس کا نفاذ پاکستان کے نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے لئے روزگار کا ذریعہ بنے گا۔