سعودی عرب کاطالبان سے خواتین کی یونیورسٹی تعلیم پرپابندی ختم کرنے کامطالبہ

سعودی عرب نے طالبان حکومت سےافغان خواتین کی یونیورسٹی تعلیم پرپابندی ختم کرنے کامطالبہ کیاہے ۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے افغانستان میں طالبان کے زیرانتظام حکومت کی جانب سے طالبات کی یونیورسٹی تعلیم تک رسائی معطل کرنے کے فیصلے پرافسوس کا اظہار کیا ہے اور طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس پابندی کو واپس لیں۔

وزارت نے بیان میں کہا کہ طالبان کی جانب سے خواتین کی جامعہ کی سطح پرتعلیم پر پابندی افغان خواتین کو ان کے مکمل قانونی حقوق دینے کے منافی ہے۔ان میں سب سے اہم تعلیم کا حق ہے کیونکہ تعلیم ہی افغانستان اوراس کے برادر لوگوں کے لیے سلامتی، استحکام، ترقی اور خوش حالی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ واضح رہے طالبان نے منگل کے روز طالبات کے لیے یونیورسٹیوں تک رسائی معطل کردی ہے۔

غیرملکی حکومتوں نے ان کے اس اقدام کی مذمت کی ہے اور خود طالبان انتظامیہ کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیے جانے کی کوششوں کو پیچیدہ بنادیا ہے۔