نوجوانوں کو ڈیجیٹل تعلیم اور ہنر دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وفاقی وزیر احسن اقبال کا تقریب سے خطاب

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل تعلیم اور ہنر دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس نے ٹیکنالوجی کے میدان کو یکسر تبدیل کر دیا ہے، ہمارے نوجوان اس شعبہ میں ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ وہ منگل کو نیشنل سینٹر آف ایکسیلینس نسٹ میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو جدید تکنیکی اور فنی علوم آراستہ کر رہے ہیں، جدید ٹیکنالوجی سے لیس نوجوانوں سے ہی پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے ،نوجوانوں کو ڈیجیٹل تعلیم اور ہنر دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپس مہیا کئے جس سے پاکستان دنیا کا تیسرا ای لانسنگ ملک بنا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں جدید ترین صلاحیت کے لئے وزارت منصوبہ بندی نے وژن 2025 کے تحت 7 سینٹر آف ایکسیلینس کے منصوبے منظور کئے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان آبادی کا 60فیصد سے زائد اور ملک کا قیمتی ترین اثاثہ ہیں ، ہم نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے آراستہ کر رہے ہیں، کچھ عناصر گالی گلوچ سکھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت اور جدت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوئے بغیر معیشت کی بقا ممکن نہیں ، معاشی بحالی کے لئے برآمدات کے شعبے میں بریک تھرو نتائج درکار ہیں ، ہماری ترقی سائنس و ٹیکنالوجی میں جدت حاصل کرنے میں مضمر ہے ، ہمیں تنقیدی، تخلیقی اور مشاہدےکے کلچر کو ترویج دینا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور کے چار سال میں11000 میگا واٹ بجلی کا اضافہ کیا ، جدت کو فروغ دینے کے لئے نیشنل انوویشن سینٹرز کا آغاز کیا ، 14۔2013 میں 29 ارب ڈالر کے نئے منصوبے چین کے تعاون سے شروع کئے، 2017 میں سی پیک گلوبل برانڈ بن گیا تھا ، 2018 کی نام نہاد تبدیلی نے تمام ترقی پر پانی پھیر دیا، سی پیک رول بیک ہو گیا، سرمایہ کار بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام اور پالیسیوں میں تسلسل کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *