کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے، اسلام آباد کو ماڈل بنائینگے، راناتنویر

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے منگل کو اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز شاہ اللہ دتہ کا دورہ کیا۔

وزارت تعلیم کے سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔اس موقع پر اسلام آباد کے سابق ڈپٹی میئر ذیشان علی نقوی بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری سلمان مفتی نے بریفنگ میں بتایا کہ بی آئی ایس پی کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 52,796 بچے اسلام آباد کی حدود میں قائم تعلیمی اداروں سے باہر ہیں۔ رانا تنویر کو بتایا گیا کہ ایف ڈی ای، این سی ایچ ڈی، بی ای سی ایس اور مختلف این جی اوز اس مہم میں وزارت کے شراکت دار ہیں۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ان کا وژن اسلام آباد کو ملک کے دیگر حصوں کیلئے ایک ماڈل بنانا ہے ۔ انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ اپنی کوششوں کو یکجا کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسلام آباد میں جلد از جلد صفرآئوٹ آف سکول بچے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو باقی ملک کیلئے مثال بنایا جائے گا۔