تعلیمی معیار اور نصاب کو بہتر بنانے میں قومی نصاب کونسل نے بڑااہم کردار ادا کیا ، رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں تعلیم اور تحقیق کے نئے طریقے متعارف کرائے جارہے ہیں ،پاکستان میں تحقیق کا رجحان کم ہے جسے پورا کرنے کے لئے کام جاری ہے ، قومی نصاب کونسل ملک کے ہر بچے کے لئے مساوی، موثر اور اعلیٰ معیار کی تعلیم کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، تعلیمی معیار اور نصاب کو بہتر بنانے میں قومی نصاب کونسل نے بڑااہم کردار ادا کیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی نصاب کونسل پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ کونسل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہماری بد قسمتی ہے کہ آج پاکستان کے 23 بلین بچے سکولوں سے باہر ہیں جن کی رجسٹریشن کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے اور بہت جلد ہم پاکستان کےتمام بچوں کو سکولوں میں دیکھیں گے۔وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ قومی نصاب کونسل کی کاوش سےجامع، تازہ ترین اور متعلقہ نصاب کا ڈیزائن طالب علموں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم فراہم کرتا ہے جو انہیں جدید دنیا کے چیلنجوں کے لئے تیار کرتا ہے ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ دور جدید میں شمولیت اور جدت کے اصولوں پر مبنی نویں سے بارہویں جماعت کے نصاب کے مسوّدے میں آئین پاکستان اور کوڈنگ پر مبنی مواد بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس نصاب کی تیاری میں اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ خود سے باخبر رہنے اور دانشورانہ طور پر باصلاحیت شہریوں کی اگلی نسل کو تشکیل دینے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار اور نصاب کو بہتر بنانے میں پا کستان کی قومی نصاب کونسل نے بڑااہم کردار ادا کیا ہے جس پر ڈائریکٹر قومی نصاب کونسل ڈاکٹر مریم چغتائی اور ان کی ٹیم کو مبارک دیتا ہوں اور اس عزم کا اظہار کرتا ہوں کہ مستقبل قریب میں ماضی کی حکومتوں سے ہونے والی غلطیوں کو دور کر لیا جائے گا ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ تعلیم اور تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہم سرچ اینڈ اینالسز کمیٹی بنائیں گے جو مستقل بنیادوں پر تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں کام کرے گی جس کا اسلام آباد سے بہت جلد آغاز کردیا جائے گا ۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ نصاب کی تکمیل کے حوالے سے صوبوں کو کافی مسائل تھے جس پاکستان کی قومی نصاب کونسل نے حل کیا ہے اور آج پاکستان کے تمام صوبے ایک بات پر متفق ہیں اور اپنے اپنے صوبوں میں ترمیم شدہ نصاب لاگو کرنے لگے ہیں ۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ کونسل میٹنگ کا مقصد تب پورا ہوگا جب ماہرین تعلیم نصاب کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں گےاور بچوں کو درپیش مسائل کا حل تلاش کریں گے ۔قومی نصاب کونسل کی سالانہ میٹنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم ارنگزیب نے بھی ورچوئل شرکت کی جنہوں نے کہا کہ ہمارا تعلیمی نصاب بین الاقوامی نصاب کے مطابق ہونا چاہئے تاکہ جب ہمارے بچے کسی دوسرے ملک تعلیم حاصل کرنے جائیں تو انہیں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو ۔

پاکستان کی قومی نصاب کونسل کی میٹنگ کے دوران ممبران نے اپنی قیمتی آراء بھی دی اور کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کا تعلیمی نصاب تبدیلی کے بعد تکمیل کی طرف پہنچ گیا ہے۔