صدر مملکت عارف علوی نے پاکستان میں سائنس و زراعت کے شعبوں میں بہترین طریقوں کو مثال بنانے پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی سے او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ کامسٹیک افغانستان میں طلباء کو آن لائن اور ریکارڈ شدہ تعلیم فراہم کرے جبکہ ریکارڈ شدہ اسباق اور تربیتی کورس افغان طلباء کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ورچوئل یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی ماڈیولز اور آن لائن تعلیمی خدمات پیش کر سکتا ہے جبکہ اقدامات سے افغانستان کو درپیش تعلیمی سہولیات کی کمی پورا کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
اس موقع پر صدر عارف علوی نے دیگر اسلامی ممالک میں سائنس و زراعت کے شعبوں میں بہترین طریقوں کو مثال بنانے اور پاکستان میں ان کی نقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پرائم منسٹر ڈیجیٹل سکلز پروگرام نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے اور روزگار حاصل کرنے کے قابل بنانے کا ایک کامیاب ماڈل ہے جبکہ ڈیجی اسکلز پروگرام کو دوسرے مسلم ممالک میں نقل بھی کیا جا سکتا ہے ۔
اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے قازقستان کے طلباء کو 20 فیلو شپس/اسکالرشپس دینے کے اقدام کو سراہا اور فلسطین کے طلباء کے لیے 500 خصوصی اسکالرشپس/فیلوشپس کے اقدام کی بھی تعریف کی۔