امریکی قونصلیٹ کراچی کے پبلک افیئرز آفیسر لی میک مینس نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے طلبہ و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پراور بغیر بکسی اقربا پروری کے اپنی بہترین یونیورسٹیز میں تعلیمی مواقع فراہم کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ کونسلنگ اور امریکی قونصل خانے کے اشتراک سے یونیورسٹی کے سر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں ’’امریکہ میں تعلیم کے مواقع‘‘ کے موضوع پر منعقدہ آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ پروگرام انٹرنیشنل ایجوکیشن ویک کے سلسلے میں منعقد کیا گیا۔ انہوں نے ایس ایم آئی یو کے طلباء پر زور دیا کہ وہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں اپنی تعلیم کے دوران اور ایس ایم آئی یو سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد بھی ان مواقع سے استفادہ کریں۔وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے ایس ایم آئی یو کے طلباء پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ ان کا خیال تھا کہ یہ پروگرام درحقیقت طلباء کے لیے مختلف ثقافتوں اور مختلف قوموں کے لوگوں کو دیکھنے کے لیے ایک عالمی نمائش ہے۔
