حکومت نے بیورو کریسی کی کارکردگی میں بہتری کےلیے سول سروس ریفارمز کےلیے 15سے زائد سفارشات مرتب کر لی ہیں
مقابلے کا امتحان ( سی ایس ایس ) کو انگریزی کے ساتھ اردو میں لینے کی سفارش کی ہے، سول سروس تعیناتیوں ، ٹریننگ اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہواجس میں مختلف وزارتوں کے وفاقی سیکرٹری ، ایڈیشنل سیکرٹری ، ایف پی ایس سی کے سیکرٹری ، نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے ریکٹر ، ممبر گورننس اور چیف گورننس اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے
وزارت منصوبہ بندی نے سول سروس ریفارمز کےلیے متعدد سفارشات اجلاس میں پیش کیں ، امتحان کو دو ز بانوں میں کرنے کا آپشن پیش کیا گیا تاکہ انگریزی کے ساتھ جو اردو میں امتحان دینا چاہیں دے سکیں ، سی ایس ایس کے امتحان کو کم از کم 16سال کی تعلیم سے مشروط کرنے کی بھی سفارش کی گئی
سی ایس ایس کے ابتدائی امتحان میں متعلقہ پیشہ وارانہ تعلیم کے مطابق تین پیشہ وارانہ شعبوں جنرل، فنانس واکانومی اور انفارمیشن کو متعارف کرانے کی سفارش کی گئی ،موجودہ ٹریننگ کے ڈھانچے میں بہتری کےلیے سینئر لیڈرشپ کورس متعارف کرایا جائے ، این ایس پی پی اور دیگر پیشہ وارانہ تربیتی اداروں میں مقابلے کے عمل کےذریعے فیکلٹی ممبر تعینات کیے جائیں اور ان کے معاوضوں کے ڈھانچے میں بہتری لائی جائے
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی طرز پر نیشنل یونیورسٹی آف پبلک پالیسی اینڈ ایڈمنسٹریشن قائم کی جائے ، شہریوں کی شرکت اور فیصلہ سازی کے لیے ٹیکنالوجی کمیونیکشن کو استعمال میں لایا جائے اور معلومات کے بڑے پیمانے پر استعمال اور ڈیٹاسائنسز کو مرتب کیاجائے ، گریڈ ایک سے 16تک کے سٹاف کےلیے تربینی کورس متعارف کرائے جائیں۔